مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفارت خانے کے داخلی دروازے پر ہونے والے مسلح حملے کی شدید مذمت کی۔ یاد رہے کہ آج صبح ہونے والی اس مسلح کاروائی جس میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ناصر کنعانی نے مقتول ڈپلومیٹ کے اہل خانہ، آذربائیجان حکومت اور عوام سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے جس سے اس وقت تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے سیاسی اور سیکورٹی حکام کی خصوصی ہدایات پر اس کارروائی کے طول و عرض اور حملہ آور کے محرکات کا تعین کرنے کے لئے اونچے درجے کی ترجیح اور حساسیت کے ساتھ معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
کنعانی نے کہا کہ متعلقہ حکام اور اداروں کی ابتدائی تحقیقات کے نتائج اس کارروائی کے پیچھے ذاتی محرکات کی نشاندہی کرتے ہیں، اس لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکورٹی اور عدالتی اداروں کی فوری کاروائی کے پیش نظر میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ اس حوالے سے غیر معتبر خبریں اور قیاس آرائیاں منتشر کرنے سے گریز کریں۔
کنعانی نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلی معلومات تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔