مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی نیوز ایجنسی شہاب نیوز نے فلسطین کی وزارت صحت کا حوالہ دے کر کہا ہے کہ مغربی کنارے میں جنین کیمپ پر گزشتہ شب ہونے والے صہیونی حملے میں تین فلسطینی نوجوان شہید ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی افواج نے جنین کیمپ میں داخل ہوتے ہی پیدل راہ گیروں اور راستہ عبور کرتی گاڑیوں پر فائرنگ شروع کردی جس کی وجہ سے تین فلسطینی شہید جبکہ متعدد دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے غاصب صہیونی افواج کے جنین کیمپ پر دھاوے کی مختلف فوٹیج شیئر کیں۔
تین فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد جنین کے لوگوں نے بھی غاصب افواج کے خلاف مزاحمت شروع کردی جبکہ صہیونی افواج نے عام لوگوں پر براہ راست گولیاں برسائیں۔
ابھی تک زخمی کے درست اعداد و شمار کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جنین پر صہیونی افواج کے دھاوے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی لوگوں کو زور زبردستی اور طاقت کے زور پر اپنی جد و جہد سے روکنا چاہتے ہیں تاہم اس کا نتیجہ الٹا نکلے گا اور یہ ظلم و بربریت فلسطینی عوام کے عزم و ارادے کو کمزور نہیں کرسکے گا بلکہ مقاومت پر ان کا ایمان و ارادہ مزید مضبوط ہوگا۔