مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی آج جمعے کو ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیا کیمپ میں ہونے والی المناک آتشزدگی پر پیارے فلسطین، عوام اور حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ناصر کنعانی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے مغفرت اور زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔
خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیا کیمپ میں آتش زدگی کے حادثے میں 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ فلسطینی محکمہ شہری دفاع کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جس عمارت میں واقعہ پیش آیا وہاں سے خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔
در ایں اثنا ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ غاصب اسرائیل کے شدید محاصرے کی وجہ سے آگ پر بر وقت قابو نہ پایا جاسکا۔
اسرائیل کے طویل محاصرے کو اس بڑے زیادہ جانی نقصان کا سبب ٹھہرایا گیا ہے کیونکہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں مقبوضہ فلسطین کے دیگر علاقوں سے بر وقت جائے وقوعہ تک نہیں پہنچ سکیں۔ غزہ کے شہری دفاع کے یونٹ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد آگ سے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔ انڈونیشیا کی طرف سے قائم کیے گئے ایک مقامی ہسپتال کے انتظامی سربراہ صالح ابو لیلیٰ کے مطابق آگ سے جھلسی ہوئی آنے والی لاشوں میں سے کم از کم سات بچوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔