مہر خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی ذرائع ابلاغ رپورٹ دی ہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اتوار کے روز دار الحکومت اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ایران کی حالیہ صورتحال اور ہنگامہ آرائیوں پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں پیش آنے والے حالیہ واقعات اور صورتحال ان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ حکومتِ ایران اپنے اندورنی معاملات اور مسائل سے نمٹ سکتی ہے۔
پاکستانی وزیر دفاع نے مغربی ملکوں اور میڈیا کے خطے اور بالخصوص اسلامی ملکوں کے حوالے سے دوہرے موقف پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا کو موجودہ صورتحال کو خراب اور کشیدہ کرنے میں کردار ادا نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کے اندر کوئی معاملہ چل رہا ہے تو اس ملک کے حکام اسلامی معیارات اور اپنے ملک کے آئین کے تحت اس پر قابو پالیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مغرب کا رویہ ہمیشہ دوہرا ہوتا ہے اور یہ منافقت قابل قبول نہیں ہے۔