مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں غزہ جنگ کے بارے میں سکیورٹی کونسل کے اجلاس کے کسی نتیجے تک نہ پہنچنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سکیورٹی کونسل کے اقدامات اور اجلاس کو مضحکہ خیز اور اسے امریکہ اور اسرائیل کا بازیچہ قراردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سکیورٹی کونسل پر امریکہ کی اجارہ داری قائم ہے اور یہ کونسل چند ممالک کے باہمی تال میل کے نتیجہ میں قائم ہوئی جس کا مقصد عالمی سطح پر عوام کو تحفظ فراہم کرنا تھا لیکن یہ کونسل امریکہ اور اسرائیل کا آلہ کار بن کر رہ گئی ہے اور اس کی تشکیل کا ہدف ختم ہوچکا ہے انھوں نے کہا کہ غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل زمین ، دریا اور فضا سے شدید حملے کررہا ہے جن میں اب تک 480 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 2400 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں اور سکیورٹی کونسل امرائیل کی مذمت میں ایک قرارداد منظور نہیں کرسکی جس سے واضح ہوتا ہے کہ سکیورٹی کونسل اسرائیل کی جانبداری کررہی ہے۔واضح رہے کہ کل رات سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا جو امریکہ کی مخالفت کی وجہ سے کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکا۔
آپ کا تبصرہ