30 اکتوبر، 2025، 11:17 PM

سوڈان کے بحران پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس

سوڈان کے بحران پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں سوڈان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس سوڈان کی تازہ صورتحال پر طلب کیا گیا، جس کا اختتام ’ریپڈ سپورٹ فورسز‘ کی کارروائیوں کی مذمت اور الفاشر شہر میں ہونے والے جرائم کے خلاف ایک قرارداد کی منظوری پر ہوا۔

سوڈانی نمائندے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز وحشی گروہ ہیں جو انسانی تہذیب کے تمام اصولوں کو پامال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، الفاشر اب ایک نئی انسانی المیہ کی علامت بن چکا ہے، جہاں باقاعدہ طور پر نسلی تطہیر جاری ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ صرف سعودی ہسپتال الفاشر میں ہی ۵۰۰ کے قریب مریض ہلاک ہوئے، جبکہ ریپڈ سپورٹ فورسز، دارفور سے حاصل شدہ سونے کی دولت سے اپنی جنگ چلا رہی ہیں۔ یہ گروہ غیرملکی کرائے کے فوجیوں کی مدد سے شہریوں کو بھوک اور خوف کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے اور ان کے مالی و سیاسی سرپرستوں کو سزا دی جائے۔

الجزائر کے نمائندے نے اجلاس میں کہا کہ الفاشر میں ہونے والے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ سوڈان کی تقسیم کی طرف خطرناک پیش رفت ہے۔ عالمی برادری کو خاموش تماشائی نہیں رہنا چاہیے اور ان جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

ڈنمارک کے نمائندے نے کہا کہ الفاشر میں ہونے والے مظالم دل دہلا دینے والے ہیں، مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ یہ فورسز سزا سے محفوظ ہیں، جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

برطانیہ کے نمائندے نے واضح کیا کہ سوڈان کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں، اور اگر جنگ جاری رہی تو انسانی المیہ مزید بڑھے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امدادی سامان کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔

News ID 1936214

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha