مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سینیٹ کو ملکی اور خطے کی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ پارلیمنٹ ہاوٴس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ بند کمرہ اجلاس میں سینیٹ کو خطے کی صورت حال پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی ایم او جنرل ساحر شمشاد مرزا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور ڈی جی ایم آئی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ پاک فوج کے سربراہ علاقائی و قومی سلامتی کی صورتحال سے سینیٹ کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایم او جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدمات کا فیصلہ کیا، 161 مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی جن میں سے 56 مجرموں کو پھانسی دی گئی۔ 13 مجرموں کو آپریشن ردالفساد سے پہلے پھانسی دی گئی اور 43 کو آپریشن کے بعد پھانسی دی گئی۔ سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کے اس اہم اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کی تمام گیلریاں بند کردی گئی ہیں اور پریس لاوٴنج کو بھی تالے لگ گئے جب کہ میڈیا کے کیمرے بھی اندر لانے پر پابندی ہے۔ سینیٹ کی ہول کمیٹی کا اجلاس ٹرمپ کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی پر بلایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد بلایا گیا ہے، جس کی بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔
![پاکستانی فوج کے سربراہ کی پاکستانی سینیٹ کو بند کمرہ میں بریفنگ جاری پاکستانی فوج کے سربراہ کی پاکستانی سینیٹ کو بند کمرہ میں بریفنگ جاری](https://media.mehrnews.com/d/2017/10/06/3/2596776.jpg)
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سینیٹ کو ملکی اور خطے کی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے۔
News ID 1877457
آپ کا تبصرہ