فلسطینی مقاومتی تنظیموں نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے خلاف صہیونی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اس کو فلسطین کو نابود کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیموں حماس اور تحریک جہاد اسلامی نے صہیونی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا کے خلاف مخاصمت آمیز اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔

تنظیموں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت فلسطین میں انسانی امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈال کر بے عوام کی مشکلات بڑھانا چاہتی ہے۔ غزہ اور غرب اردن میں ہزاروں لوگ صہیونی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکومت نے اپنے اقدامات کے ذریعے ثابت کردیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے لئے کسی احترام کی قائل نہیں ہے۔

تنظیموں نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ صہیونی حکومت کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے روکنے میں کردار ادا کرے۔