ایران کے مختلف شہروں میں لوگوں نے صہیونی حملوں کا بہترین دفاع کرنے پر ملکی دفاعی نظام پر فخر کرتے ہوئے دشمن کے خلاف "وعدہ صادق3 آپریشن" کا مطالبہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی خصوصی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت نے گذشتہ روز علی الصبح ایران کے مختلف شہروں پر فضائی حملے کی کوشش کی تاہم ملکی فضاعی دفاعی نظام نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دشمن کے جہازوں کو ملکی فضاوں میں داخل ہونے سے روک لیا۔

فضائی دفاعی نظام کی بہترین کارکردگی اور بروقت کاروائی سے عوام خوشی سے جھوم اٹھے اور مضبوط دفاعی نظام کو ملک کے لئے باعث افتخار قرار دیا۔

صہیونی حکومت کی شرارت کے نتیجے میں چار جوان شہید ہوگئے۔ 

صہیونی دہشت گرد حملوں کے بعد ایران کے مختلف شہروں اور قصبوں میں عوام نے احتجاجی ریلیاں نکالی اور دشمن کے خلاف "وعدہ صادق 3 آپریشن" کا مطالبہ کیا۔

مشہد، طلباء اور عوام کا مسلح افواج کی حمایت میں احتجاج

مقدس شہر مشہد میں طلباء اور عوام کی کثیر تعداد نے صہیونی حملوں کے بعد ایرانی مسلح افواج کی حمایت میں اور صہیونی حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں ایران اور مقاومت کے جھنڈے لہراتے ہوئے دشمن کے خلاف استقامت کا عزم ظاہر کررہے تھے۔

ریلی کے شرکاء نے صہیونی حکومت کو اس کی شرارت پر سبق سکھانے کے لئے "وعدہ صادق 3 آپریشن" کا مطالبہ کیا۔

صہیونی فضائی حملوں کے خلاف ہمدان میں عوامی مظاہرہ

ہمدان کے انقلابی عوام نے صہیونی حملوں کے جواب میں بروقت کاروائی کرنے اور دشمن کے طیاروں کو ملکی فضاوں میں داخل ہونے سے روکنے پر مسلح افواج کی قدردانی کی۔

ہفتے کی شام امام اسکوائر پر ہونے والے عوامی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ایرانی حاکمیت اور خودمختاری کو پامال کرنے پر صہیونی حکومت کے خلاف موثر کاروائی کا مطالبہ کیا۔

طلباء کی احتجاجی ریلی، مسلح افواج کی حمایت

ایرانی طلباء نے صہیونی حکومت کے شرارت آمیز حملوں کے بعد مختلف شہروں میں ریلی نکالی اور ملکی سرحدوں کی حفاظت میں بروقت کاروائی کرنے پر ایرانی مسلح افواج کی قدردانی کی۔

پرجوش طلباء نے ایرانی حکومت اور مسلح افواج سے مطالبہ کیا کہ ماضی کی طرح صہیونی حکومت کو اس کی شرارتوں پر سبق سکھایا جائے۔