مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حزب اللہ کے سرکردہ رہنما سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ان کے لواحقین اور مقاومتی ساتھیوں کو تعزیت پیش کی ہے۔
رہبر معظم کے پیغام کا متن درج ذیل ہے۔
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
مقاومتی محاذ کے عزیز جوانو!
مجاہد اور فداکار شہید سید ہاشم صفی الدین رضوان اللہ علیہ شہداء کی صف میں شامل ہوگئے۔ ان کی شہادت سے آسمان جہاد راہ قدس پر ایک اور ستارہ طلوع ہوا۔ وہ حزب اللہ کے برترین رہنما اور شہید حسن نصر اللہ کے دیرینہ ساتھی تھے۔ حزب اللہ نے ان جیسے رہنماؤں کی تدبیر اور حکمت عملی سے لبنان کو تقسیم ہونے سے محفوظ رکھا اور صہیونی ظالم فوج جو بیروت کو پاؤں تلے روند ڈالتی تھی، کی سازشوں کو ناکام بنایا۔
وہ اور نصر اللہ کے محور کے مجاہدین کی بہادری اور قربانی نے اس خطے کے جنوبی لیطانی، صور اور دیگر شہروں پر قبضے اور مقبوضہ فلسطین کے ساتھ الحاق کے خطرے کو دور کیا۔ حزب اللہ کو خطرے میں ڈال کر اس ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے میدان میں لایا اور جارح اور مجرم صیہونی حکومت کو ناکام بنا دیا۔
آج نصراللہ اور صفی الدین جیسے رہنما بظاہر ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن ان کی روح اور قیادت میدان میں موجود ہے اور لبنان اور اس کے نہتے عوام کا دفاع کر رہی ہے۔ آج بھی حزب اللہ لبنان کی سب سے مضبوط محافظ اور صیہونی حکومت کے طمع کے مقابلے میں سب سے مضبوط ڈھال ہے جو ایک طویل عرصے سے لبنان کی تقسیم کا ہدف رکھتی ہے۔ دشمن لبنان کے لیے حزب اللہ کے بے لوث کردار کو جھٹلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ لبنان کے ہمدردوں کو چاہیے کہ وہ ناپاک سازش کو ناکام بنادیں۔
حزب اللہ زندہ اور پروان چڑھ رہی ہے اور اپنا تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح راہ قدس کے مجاہدین اور ان لوگوں کی مدد کرے گا جو فلسطین پر قبضہ کرنے والے جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔
میں اپنے عزیز سید صفی الدین کی شہادت پر ان کے عزیز و اقارب اور مزاحمت کے تمام محاذوں میں موجود ساتھیوں کو مبارک باد اور تعزیت پیش کرتا ہوں۔