مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی فوج کے سابق انٹیلی جنس افسر اسکاٹ ریٹر نے لبنانی چینل الغد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے سربراہ کی شہادت سے تنظیم کمزور نہیں ہوئی بلکہ غزہ میں اسرائیل کو ہونے والے نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔
انوہں نے کہا کہ یحیی السنوار فلسطینی مجاہدین کے لئے رول ماڈل ثابت ہوں گے اور فلسطینی جوان ان کی زندگی کو اپنے لئے نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے صہیونی حکومت کے خلاف کاروائیوں میں زیادہ حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حماس ایک فکر ہے جو ہمیشہ باقی رہے گی۔ یحیی السنوار کی شہادت سے کھیل کا رخ بدل جائے گا اور اسرائیل خود کو زیادہ کمزور اور ناتوان محسوس کرے گا۔ حماس اپنا مشن جاری رکھے گی۔
صہیونی حکومت کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا جواب بالکل برعکس ہے۔ صہیونی حکومت کا ایران پر حملہ نتن یاہو کے ذاتی مفادات کی خاطر ہوگا اور امریکہ اس کا راستہ روکے گا کیونکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی صورت میں امریکی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ایک طاقتو تنظیم ہے۔ اس کے جوان میدان جنگ میں اسرائیل پر شدید حملے کررہے ہیں۔ اسرائیل جنگ میں حزب اللہ کو شکست دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہے۔ اسرائیل پہلے سے ہی حماس کے مقابلے میں اپنی افرادی قوت کو کافی حد تک کھوچکا ہے۔