ایرانی وزیرخارجہ نے بحرین کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں علاقائی ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے بحرین میں بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور اعلی حکام سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

عراقچی نے صہیونی حکومت کی جانب سے لبنان اور فلسطین میں بے گناہ عوام پر مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکہ کی بے انتہا حمایت کی تحت مشرق وسطی میں انسانی حقوق اور عالمی قوانین کو پامال کررہا ہے۔

انہوں نے صہیونی حکومت کے خلاف علاقائی ممالک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو مشترکہ طور پر صہیونی حکومت کے خلاف اقدامات کرنا چاہئے تاکہ فلسطین میں جاری جنگ ختم ہوجائے۔

عراقچی نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت غزہ اور لبنان میں امدادی اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ اسلامی ممالک کو اس نازک موقع پر لبنان اور فلسطین کے عوام کی مدد کرنا چاہئے۔

ملاقات کے دوران بحرینی بادشاہ نے خطے میں امن کے قیام کے لئے ایران کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ بحرین غزہ میں جاری جنگ کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد بحرینی بادشاہ کا تہران میں استقبال کیا جائے گا۔