مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے آغاز میں صہیونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں شہید ہونے والے حماس کے سربراہ یحیی السنوار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید السنوار نے اپنی پوری زندگی فلسطینی قوم کے دفاع اور صہیونی حکومت کے خلاف مزاحمت میں گزاری۔
انہوں نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن شہید یحیی السنوار کا تاریخی کارنامہ تھا جس سے خطے کی سیاسی، دفاعی اور انٹیلی جنس کا توازن بدل گیا۔ طوفان الاقصی نے صہیونی حکومت پر ناقابل تلافی وار کیا۔
قالیباف نے کہا کہ دنیا نے اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا کہ شہید حسن نصراللہ کے بعد بھی حزب اللہ زندہ اور پوری طرح فعال ہے اسی طرح حماس بھی شہید السنوار کے بعد زندہ رہے گی اور اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید یحیی السنوار کے آخری مراحل کے حوالے سے جاری ہونے والی تصاویر سے ان کی جرائت اور بہادری سامنے آتی ہے۔ ان مناظر سے ہزاروں یحیی سنوار پیدا ہوں گے جو بیت المقدس کی آزادی کی تحریک کو مزید تقویت عطا کرے گا۔
قالیباف نے اپنے دورہ لبنان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے لبنان میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ ہم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کا پیغام لبنانی عوام تک پہنچایا ہے۔