ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی ممالک کی جانب سے ایران پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی ممالک کی حمایت کے تحت صہیونی حکومت غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کررہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کے اجلاس میں ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کو مسترد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ترجمان نے یورپی ممالک کی جانب سے ایران پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ سے جنگ کا مخالف اور ملکوں کے جغرافیائی حدود کے احترام کا قائل رہا ہے۔ روس اور یوکرائن کے درمیان جاری کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دفاع کے لئے عالمی قوانین کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے یورپی ممالک کے الزامات بے بنیاد اور غیر منصفانہ ہیں۔

بقائی نے کہا کہ بعض یورپی ممالک کی جانب سے فراہم کردہ اسلحہ صہیونی حکومت غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف استعمال کررہی ہے۔ غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی میں یورپی ممالک صہیونی حکومت کے ساتھ شریک ہیں