مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی سربراہ کے نام اپنے خط میں صہیونی حکومت کی جانب سے شام میں امدادی اداروں پر صہیونی حکومت کے حملے کی شدید مذمت اور اس کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرر دیا ہے۔
انٹونیو گوتریش اور پاسکل کرسٹین کے نام اپنے خط میں ایروانی نے کہا ہے کہ ایرانی ہلال احمر صرف لبنانی بے گھر لوگوں کی امداد رسانی کے لئے شامی سرحد پر کام کررہا تھا اور ادارے کی عمارت پر بین الاقوامی ہلال احمر کا سفید جھنڈا بھی نصب تھا لیکن صہیونی حکومت نے اس امدادی ادارے کو نشانہ بنایا۔
ایرانی نمائندے کے مطابق ادارے کے تحت 200 بیڈ کا ہسپتال، 56 بیڈ اور تمام طبی سہولیات پر مشتمل موبائل ہسپتال کی سہولیات کے علاوہ زندگی کی بنیادی ضروریات کے سامان بے گھر عوام کو فراہم کیا جاتا تھا۔
ایروانی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل صہیونی حکومت کی اس ننگی جارحیت کی مذمت کرے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقدام انجام دے۔