تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے طوفان الاقصی کو ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کہا ہے کہ مقاومتی تنظیمیں صہیونی حکومت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے طوفان الاقصی کو ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ ایک سال کے دوران فلسطینی عوام پر ہر طرح کے ظلم و ستم ڈھائے۔

انہوں نے کہا کہ القدس بریگیڈ نے غزہ سے لے کر غرب اردن تک ہر جگہ میدان جنگ میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا ہے۔ ہمارے جوان ہر میدان میں دوسرے مجاہدین کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں۔ مقاومتی تنظیموں کے درمیان اتحاد ہماری اولین ترجیح ہے اسی لئے ہم نے سیاسی میدان کو حماس کے لئے خالی چھوڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگی بندی کے لئے تیار ہیں۔ صہیونی حکومت اس حوالے سے بہانے بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت پر لبنان اور یمن کی مقاومتی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے شروع سے لے کر آج تک مقاومت کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقاومتی بلاک کا اتحاد کامیابی کے لئے بہت ضروری ہے۔ دشمن کے مقابلے میں فلسطینی عوام کو متحد رہنا چاہئے۔