حزب اللہ لبنان نے حیفا میں صہیونی فضائی اڈے پر میزائل حملے کے بعد بیان جاری کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ دنوں کے دوران بیروت پر صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد حزب اللہ نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے حیفا میں اہم فوجی اڈے پر میزائل حملہ کردیا ہے۔

لبنانی مقاومتی تنظیم نے اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیفا کے رامات ڈیوڈ فوجی اڈے پر "فادی1" اور "فادی 2" میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔

المیادین کے مطابق حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور لبنان پر صہیونی حملوں کے جواب میں اہم صہیونی فوجی اڈے "رامات ڈیوڈ" پر "فادی1" اور "فادی2" میزائل داغے گئے ہیں۔

اتوار کو علی الصبح حیفا پر حزب اللہ کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی ذرائع ابلاغ نے نتن یاہو پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیفا سے نقل مکانی کرنے والے صہیونیوں کی گھروں کو واپسی کی فکر کریں کیونکہ شمالی سرحدوں سے نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی کا منصوبہ "کامیاب" ہوگیا ہے۔