مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ دنوں بیروت کے مختلف علاقوں پر صہیونی حکومت کے حملوں کے بعد حزب اللہ نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے شمالی فلسطین کے صہیونی علاقوں پر میزائلوں کی بارش کردی ہے۔
امریکی ویب سائٹ آکسیوس نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے حیفا کے جنوبی علاقوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔ صہیونی علاقوں کے اندر حزب اللہ کے میزائل حملوں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔ گذشتہ سال 8 اکتوبر کے بعد حزب اللہ نے پہلی مرتبہ طویل فاصلے تک مارکرنے والے میزائل فائر کیے ہیں۔
دوسری جانب صہیونی ذرائع ابلاغ پر عائد پابندیوں اور سینسر شپ کی وجہ سے میزائل حملوں میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
حزب اللہ کے حملوں کے بعد صہیونی فوجی ریڈیو نے کہا ہے کہ دو مہینے قبل حزب اللہ نے ہدہد ڈرون کے ذریعے فضائی اڈے رامات ڈیوڈ کی ویڈیو بنائی تھی۔ آج اسی ویڈیو کے مطابق میزائل حملے کئے گئے ہیں۔
صہیونی فوجی ریڈیو کے نامہ نگار نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے سوچ سمجھ کر اس ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے کیونکہ وزیرجنگ نے بدھ کے روز ہی اس اڈے کا دورہ کیا تھا۔ حزب اللہ نے اپنے حملے کے ذریعے تل ابیب کو خاص پیغام دیا ہے۔