صہیونی عوام نے تل ابیب میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے خلاف صہیونی عوام کے مظاہرے مسلسل جاری ہیں۔ غزہ میں جنگ بندی اور حماس کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ صہیونی عوام کا پہلا مطالبہ ہے۔

گذشتہ رات کو ہزاروں صہیونیوں نے تل ابیب میں اس شاہراہ پر مظاہرہ کیا جہاں لیکوڈ پارٹی کا صدر دفتر واقع ہے۔ مظاہرین نے شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔

صہیونی مظاہرین فلسطینی تنظیموں کے ساتھ جنگ بندی کے لئے مذاکرات اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کررہے تھے۔

اس سے پہلے صہیونی یرغمالیوں کے گھر والوں نے بھی ایک بیان میں غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ دہرایا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مذاکرات ہمارے یرغمال بچوں کی واپسی کا آخری موقع ہوسکتا ہے۔ ہم صہیونی مذاکرات کاروں سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے مذاکرات کی میز ترک نہ کریں۔

یاد رہے کہ غزہ میں فلسطینی مقاومتی تنظیموں کے خلاف مسلسل شکست کے بعد صہیونی حکومت پر مذاکرات اور قیدیوں کے تبادلے کے لئے دباو بڑھ رہا ہے۔ صہیونی عوام کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں کی جان خطرے میں ہے۔