مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کراچی کی شارع فیصل پر جماعت اسلامی کے تحت غزہ ملین مارچ ہوا، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مارچ کے شرکاء سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے اور امریکا اسرائیل کو مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہونی چاہیے، اسرائیل کی پشت پر امریکا کھڑا ہوا ہے۔ امریکا نے افغانستان میں انسانوں کو قتل کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ امریکا میں لوگ اہل فلسطین کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں، اس کے باوجود امریکا دہشت گرد ملک بنا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اسرائیل نے شہید کردیا ہے۔ پوری دنیا میں جنگ بندی کی بات ہو رہی ہے لیکن امریکا اسرائیل کو اربوں کی فنڈنگ کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ حماس منظم جماعت ہے، جو سیاسی خدمت کر رہی ہے۔ اسماعیل ہانیہ سمیت فلسطین کی جنگ لڑنے والوں کو سلام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام ہتھیار ڈالنے پر تیار نہیں، ایک بھی ایسا فلسطینی نہیں جو کہے ہم شکست تسلیم کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا میں بےشمار ممالک میں ملین مارچ ہو رہا ہے، کراچی نے ثابت کردیا کہ اہل کراچی کے دل اہل غزہ اور مزاحمت کاروں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بےشمار مسائل ہیں لیکن یہ شہر زندہ ہے، معاملہ کشمیر اور فلسطین کا ہو تو یہ شہر حق کے ساتھ کھڑا ہو جاتا ہے۔