نیویارک میں طلباء کی جانب سے فلسطین کے حق میں پرامن ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے بعد فریقین کے درمیان تصادم ہوا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ کی مختلف ریاستوں میں غزہ میں صہیونی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ہورہے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیویارک میں ہزاروں طلباء نے فلسطین کے حق میں اور صہیونی حکومت کے خلاف پرامن نکالی۔ 

المیادین کے مطابق ریلی کے شرکاء صہیونی حکومت کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔

ریلی کے دوران اس وقت بدنظمی پیدا ہوئی جب پولیس نے پرامن ریلی پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کی مداخلت کے بعد مظاہرہ تشدد کی شکل اختیار کرگیا اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔

الجزیرہ کے نامہ نگار کے مطابق نیویارک پولیس نے مظاہرے میں شریک کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب فرانس اور اٹلی میں بھی ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔ پیرس اور میلان کی سڑکوں اور شاہراہوں پر لوگوں نے صہیونی حکومت کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔