مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران روس اور چین نے غزہ میں صہیونی فورسز کی جارحیت کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
روسیا الیوم کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران روس اور چین کے نمائندوں نے غزہ میں صہیونی حکومت کے مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔
روسی نمائندے واسیلی بنزیا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صہیونی مظالم کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ فلسطینی عوام کو فوری امداد کی شدید ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا امریکہ کی حمایت کے تحت اسرائیل نے گذشتہ چھے مہینوں سے غزہ میں ظلم کا بازار کررکھا ہے۔ ظلم کا یہ سلسلہ جاری رہے تو بحران کو قابو کرنا ناممکن ہوجائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نمائندے دای بینگ نے کہا کہ غزہ میں صہیونی جارحیت کی وجہ سے بھوک اور قحط سالی بڑھ رہی ہے۔ غزہ میں جنگ جاری رکھنے کا کوئی بہانہ قابل قبول نہیں ہے۔