مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی ریاست ٹیکساس میں یونیورسٹی طلباء نے غزہ میں صہیونی مظالم کے شکار فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف امریکی یونیورسٹیوں میں غزہ کے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ہورہے ہیں۔ ہارورڈ، براون اور کیلی فورنیا یونیورسٹی کے بعد احتجاج کا دائرہ ٹیکساس یونیورسٹی تک پھیل گیا ہے۔ ٹیکساس یونیورسٹی کے طلباء نے غزہ کے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا۔
صہیونی حکومت کے خلاف یونیورسٹی طلباء کا احتجاج بڑھنے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران احتجاج کرنے والے طلباء اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا جس کے بعد پولیس نے یونیورسٹی کے 20 طلباء کو گرفتار کیا ہے۔
میڈیا کے مطابق یونیورسٹی کے طلباء "دہشت گرد اسرائیلی فوج" کے نعرے لگارہے تھے۔ دوسری طرف ریاستی گورنر گریگ بٹ نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرنے والے تمام طلباء کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے طلباء کی جانب سے اسرائیل مخالف احتجاج کو یہود ستیزی سے تعبیر کیا اور کہا کہ کسی بھی ریاست کی کسی بھی یونیورسٹی میں اسرائیل مخالف احتجاج کرنے کی صورت میں طلباء کو خارج کیا جائے۔
اس سے پہلے امریکی ذرائع ابلاغ نے کہا تھا کہ کولمبیا یونیورسٹی میں اسرائیل کے خلاف طلباء کے مظاہرے کے بعد پولیس نے 133 طلباء کو گرفتار کیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر آن لائن کلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔