مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران رہبر معظم نے غزہ کے عوام کی جرائت اور بہادری سراہتے ہوئے تاکید کی کہ مغرب کی حمایت کے تحت صہیونی حکومت کی جارحیت کے سامنے فسلطینی عوام کی استقامت سے اسلام دنیا میں سربلند ہوگیا ہے اور دشمن کی کوششوں کے باوجود مسئلہ فلسطینی فراموشی کے سپرد ہونے کے بجائے عالمی سطح پر مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
رہبر معظم نے کہا کہ غزہ کے بے گناہ لوگوں کے قتل عام اور نسل کشی نے ہر انسان کو سخت متاثر کیا ہے۔ اسلامی جمہوری ایران فلسطین کی حمایت میں کبھی تردد کا شکار نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ فلسطینی مقاومت نے اب تک ذرائع ابلاغ میں صہیونی حکومت سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے حماس کے شہید رہنما صالح العاروری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید العاروری برجستہ شخصیت کے مالک تھے جس کی بدولت اللہ نے ان کو شہادت کا عظیم مرتبہ عطا کیا۔
اس موقع پر حماس کے رہنما نے فلسطین کی حمایت پر ایرانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چھے مہینوں کے دوران فلسطینی عوام کی بے مثال بہادری اور صبر کے باعث صہیونی حکومت اپنے اہداف میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے رہبر معظم کو اطمینان دلایا کہ دشمن کے مظالم اور بربریت کے باوجود فلسطینی عوام پوری استقامت کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور صہیونی حکومت کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔