شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں صہیونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خواہاں نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مشرق وسطی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے  کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا ہے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ باہمی تعلقات اور خطے کے مسائل کے بارے میں مذاکرات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے فلسطین میں جاری جنگ کے دوسرے ممالک تک پھیلنے کے حوالے سے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام نہایت وحشت ناک حالت اختیار کرچکا ہے لہذا ہر دور سے زیادہ جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔ تقریبا 30 ہزار فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں 17 ہزار فلسطینی بچے یتیم اور سرپرستوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ غزہ میں زندگی نہایت سخت اور امدادی کاموں کی شدید ضرورت ہے۔ روزانہ 100 ٹرکوں سے بھی کم امداد ملتی ہے جوکہ کسی بھی لحاظ سے قابل قبول نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں روزانہ 500 ٹرک امداد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل امداد رسانی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

لیبلز