مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج کی جانب سے طوفان الاقصی کے 106 ویں روز بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں رہائشی اور غیر فوجی مقامات پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صہیونی فورسز نے علی الصبح خان یونس میں شہری آبادی پر حملہ کرکے مزید 11 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں ایک سویلین گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی سوار 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غزہ کے مرکزی علاقے میں واقع النصیرات کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 4 فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ اسی طرح زیتون قصبے میں بھی صہیونی حملے کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی ہلال احمر کے اعلان کے مطابق صہیونی فورسز نے توپ خانے کی مدد سے خان یونس کے امل ہسپتال کے اطراف میں گولہ باری کی ہے۔ الجزیرہ کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی فورسز بیت لاھیا اور جبالیا کے قصبوں میں پیشقدمی کی کوشش کررہی ہیں۔