مہر خبررساں ایجنسی نے چین کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ چینی کی وزارت خارجہ کے ترجمان "وانگ وینبن" نے ایران، سعودی عرب اور چین کے نائب وزرائے خارجہ کی حالیہ ملاقات کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایران، چین اور سعودی عرب کے درمیان نائب وزراء کی سطح پر مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 15 دسمبر کو بیجنگ میں منعقد ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں بیجنگ معاہدے کے بعد سے سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں حاصل ہونے والی مثبت پیشرفت اور بیجنگ معاہدے کے مکمل نفاذ کے عزم پر تاکید کی گئی۔
وانگ وینبن نے کہا کہ چین تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بہتری کی حمایت جاری رکھنے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کرتا ہے۔
دونوں ممالک کے وفود کے ساتھ ایک گروپ میٹنگ میں چینی وزیر خارجہ "وانگ یی" نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بہتری کے حوالے سے 3 نکات تجویز کیے:
1: مفاہمت کے اسٹریٹجک انتخاب پر کاربند رہنا؛
2: تعلقات میں بہتری کے عمل کو آگے بڑھانا
3: بیرونی مداخلت اور تفرقہ انگیز کو مسترد کرنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تینوں ملکوں کے اعلی حکام نے مختلف شعبوں میں سہ فریقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطین سمیت خطے کے اہم مسائل پر اپنے مشترکہ موقف کا اعلان کیا۔ مشرق وسطیٰ (مغربی ایشیا) کی حالیہ صورتحال پیچیدہ اور سنگین ہے، ایسے میں تنازعات کو بات چیت، مشاورت اور سیاسی حل کے ذریعے نمٹانا زیادہ ضروری ہے۔ مشرق وسطیٰ (مغربی ایشیا) کا مستقبل ہمیشہ خطے کے لوگوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ چین مشرق وسطیٰ کے عوام کی آزادانہ ترقی کی راہیں تلاش کرنے کی جدوجہد میں ہمیشہ مدد کرے گا۔ ہم ہمیشہ مشرق وسطیٰ (مغربی ایشیا) کے آزاد ممالک کی حمایت کریں گے تاکہ خطے میں سلامتی کے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے مل کر کام کرسکیں۔