غزہ میں پے در پے شکستوں کے بعد صہیونی فورسز نے حواس باختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہی یرغمالیوں کو گولیوں سے بھوند ڈالا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی فورسز کی جارحیت جاری ہے۔ فلسطینی مقاومتی تنظیمیں گھات لگاکر حملوں کے ذریعے غاصب صہیونیوں کو دندان شکن جواب دے رہی ہیں۔

حماس اور جہاد اسلامی کے جوانوں کے ہاتھوں پے در پے شکستوں اور بھاری نقصان اٹھانے کے بعد صہیونی فورسز غزہ میں درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویلین اور غیر فوجی تنصیبات پر حملے بڑھا رہی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غزہ کے علاقے شجاعیہ میں صہیونی فورسز نے حماس کے ہاتھوں یرغمال صہیونیوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتاردیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق یرغمالیوں کو دیکھتے ہی اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کردی۔ حملے کے بعد مرنے والوں کے بارے میں شک کی وجہ سے صہیونی فوج نے اپنے ہسپتالوں میں لے جاکر مزید تحقیقات کی جس کے نتیجے میں تینوں افراد کی شناخت صہیونیوں کی حیثیت ہوگئی۔

طوفان الاقصی کے بعد حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلیوں کو رہا کرنے کے لئے صہیونی فورسز نے بڑے پیمانے پر کاروائیاں کی ہیں تاہم اب تک کسی یرغمالی کو چھڑانے میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ حماس نے بھی متعدد مرتبہ اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف حملے بند اور فلسطینی قیدی رہا ہونے تک اسرائیلی یرغمالیوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔