واشنگٹن ڈی سی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے صہیونی حکومت کی جنایات کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں فلسطینیوں کے خلاف جاری صہیونی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں جمعہ کی شام ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر مظاہرہ کرتے ہوئے صہیونی مظالم کی مذمت اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ فلسطین میں اسرائیل وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد اب تک اسرائیلی حملوں میں 12 ہزار بے گناہ لوگ شہید ہوگئے ہیں جن میں 5 ہزار سے زائد بچے اور 3 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے اہلکار مارٹن گریفتھ کے مطابق ذرائع ابلاغ میں بیان کردہ اعداد و شمار حقائق سے کم ہیں کیونکہ ارتباطی ذرائع ناکارہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصانات کی صحیح معلومات نہیں مل رہی ہیں۔