فلسطینی صحافی عبدالرحمٰن مطر نے پاکستانی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ حماس اور حزب اللہ کی طرح باقی سب کو بھی یہ بات سمجھنا ہوگی، حماس اور حزب اللہ جانتے ہیں ان کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، پاکستانی ٹی وی چینل جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی صحافی عبدالرحمٰن مطر نے کہا کہ حالیہ جنگ کی ابتداء میں اسرائیل نے غزہ میں چرچ کو بھی نشانہ بنایا تھا، ننھے معصوم بچوں کو انسانیت کا دشمن ہی اس طرح قتل کرسکتا ہے۔عبدالرحمٰن مطر کا کہنا تھا کہ عوام کو مسئلہ فلسطین اور قبلہ اول کی اہمیت سے آگاہ کرنا چاہئے.

 پاکستان مسلم امہ کا سب سے مضبوط ملک ہے، پاکستان ایک نیوکلیئر طاقت ہے جس کے پاس دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے۔

پروگرام میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازاور امت واحدہ پاکستان کے رہنما علامہ امین شہیدی بھی شریک تھے۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ کا فقہی تعبیرات کا اختلاف نظرانداز کر کے اتحاد امت مسلمہ کیلئے ایک سبق ہے

 اس وقت سیاسی و سفارتی پلڑا فلسطینیوں کے حق میں نظر آرہا ہے، امریکا اور مغرب کے شہروں میں بڑے بڑے جلوس نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، اسرائیل کے اندر بھی صحیح یہودیوں کے جلوس نکلے ہیں۔