مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کے مختلف مقامات پر صہیونی فورسز کی بربریت اور وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے غزہ کے عوام کو مکمل محاصرے میں لے لیا ہے۔
صہیونی فوج کے وحشیانہ حملوں اور مظالم کی ایک وجہ عالمی سطح پر حکومتوں کی مکمل خاموشی ہے جس کی وجہ سے اسرائیل کو مزید شہہ مل رہی ہے۔
المیادین کے مطابق تازہ حملوں میں کئی فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جن میں کئی شیرخوار بچے بھی شامل ہیں۔
لبنان کی قومی اور مذہبی جماعتوں نے عرب ممالک سے اپیل کی ہے کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اشیاء کی ترسیل بند کی جائے۔
جماعتوں نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کو تیل اور گیس کی فراہمی کا فوری طور پر بند کیا جائے۔ ریاض میں او آئی سی کے اجلاس میں اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔
دراین اثناء روسی صدارتی دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی بہت ضروری ہے۔ روس جنگ کے فریقین اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ عالمی سطح پر کوئی منظم حکمت عملی نہ ہونا انتہائی افسوس کی بات ہے۔
دراین اثناء فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے حملوں میں شہید ہوئے والوں کی تعداد 10 ہزار 328 ہوگئی ہے جن میں معصوم بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مکمل محاصرے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کا عمل شدید متاثر ہورہا ہے۔
انگریزی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بعض عرب ممالک اور صیہونی حکومت کے درمیان امن معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی امید ختم ہورہی ہے۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ امریکہ میں جوبائیڈن کی صدارت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت 2024 کے صدارتی انتخابات جیتنے کے لیے سب سے زیادہ ممکنہ امیدوار ہیں اور حالیہ پولز سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آسانی سے ان ریاستوں میں برتری حاصل کر لیں گے جہاں انتخابات کا نتیجہ فیصلہ کن ہوتا ہے۔
اخبار نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ کی وجہ سے ٹرمپ کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہو گئے ہیں، کیونکہ بائیڈن کو نوجوان، ترقی پسند اور عرب امریکی ووٹرز کی ضرورت ہے کہ وہ انہیں ووٹ دیں، لیکن بہت سے لوگ ان کی انتظامیہ کی اسرائیل کی حمایت پر ناراض ہیں۔
درایں اثناء القسام بریگیڈ نے چند منٹ قبل اعلان کیا تھا کہ انہوں نے یاسین 105 لانچر کا استعمال کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں صیہونی فوجی سازوسامان کو تباہ کر دیا ہے۔ تنظیم کے بیان کے مطابق فلسطینی جوانوں نے الشطی کیمپ کے قریب صہیونی فوج کے 3 ٹینک، ایک پرسنل کیریئر اور ایک بلڈوزر کو تباہ کردیا ہے۔
علاوہ ازیں المیادین کے رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ النصرات اور الزوائدہ کے شمال مغربی محور میں فلسطینی مجاہدین اور صہیونی غاصبوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ گذشتہ رات مزاحمتی فورسز کی قابض فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جو غزہ شہر کے جنوبی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔