مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی چینل این بی سی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کے مختلف ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حالیہ دنوں میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق عراق اور شام کے امریکی فوجی اڈوں پر مقامی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے ہونے والے حملوں میں زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 45 ہوگئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق زخمیوں میں سے 24 فوجی ذہنی طور پر شدید مجروح ہوگئے ہیں اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی مسلسل تیمارداری کررہی ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ حملے شام کے شہر التنف اور عراقی صوبے الانبار کے اڈے عین الاسد پر کئے گئے ہیں جن میں اب تک 45 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ فلسطین میں صہیونی حکومت کی جانب سے پرتشدد کاروائیوں اور شہریوں کے قتل عام کے بعد عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مقاومتی تنظیموں کے حملوں کے بعد امریکی حکام عراق میں موجود نفری میں سے دوتہائی اہلکاروں کو بیرون ممالک منتقل کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
حملوں کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی اہلکاروں کا انخلاء ایک ہفتے کی مختصر ترین مدت کے دوران عمل میں لایا گیا تھا۔
منگل کی رات کو پینٹاگون کے ترجمان نے کہا تھا کہ 17 اکتوبر کے بعد سے اب تک عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر 38 حملے ہوئے ہیں۔