مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ انصاراللہ نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی اہداف پر حملے کئے ہیں اس طرح انصاراللہ عملی طور پر صہیونی فوج کے ساتھ جنگ میں داخل ہوگئی ہے۔
جنرل سریع نے تاکید کی کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے وحشیانہ حملوں کے مقابلے میں اللہ پر توکل کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور دفاع کے لئے میدان میں داخل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون مقبوضہ فلسطین میں صہیونی تنصیبات پر فائر کئے ہیں۔ یہ حملے غزہ میں صہیونی بربریت کا شکار ہونے والے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کئے گئے ہیں۔
جنرل یحیی سریع نے مزید کہا کہ جب تک صہیونی حملے بند نہیں ہوتے ہم حملہ کرتے رہیں گے اور بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون کے ذریعے صہیونی فوج کو نقصان پہنچائیں گے۔ فلسطین کے بارے میں ہمارا موقف اصولی اور واضح ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو چیز خطے کی سیکورٹی اور سلامتی کے لئے خطرے کا باعث ہے، غاصب صہیونیوں کے غزہ پر حملے اور نسل کشی ہے۔