مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ عزالدین قسام بریگیڈز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بٹالین کے مجاہدین بیت لاہیا کے شمال مغرب میں صیہونی افواج کی دراندازی کا مقابلہ کررہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ القسام مجاہدین نے صیہونی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں ان کی بکتر بند گاڑیوں اور جنگی ساز و سامان کو یاسین 105 مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا اور کئی سنائپر کارروائیاں کیں۔
قسام بٹالین نے تاکید کی کہ دشمن نے اپنے متعدد فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے جب کہ ہمارے مجاہدین اب بھی جارح فوجوں پر حملے کر رہے ہیں۔
آج صیہونی فوج کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ گذشتہ رات غزہ کی پٹی کے شمال میں ایک بم دھماکے کی وجہ سے ایک اسرائیلی افسر زخمی ہوا جب کہ مزاحمتی فورسز کے ساتھ مسلح تصادم میں بھی ایک فوجی زخمی ہوا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
بعض باخبر ذرائع نے اس آپریشن میں غاصب صہیونیوں کی ہلاکتیں اعلان کردہ تعداد سے کئی گنا زیادہ قرار دی ہے۔
ایک اور تصادم کے واقعے میں صیہونی فوج کے توپ خانے نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے مشرق اور خان یونس کو نشانہ بنایا۔
نیز عبرانی ذرائع نے بتایا کہ ناحل عوز اڈے اور غزہ سے متصل صہیونی بستیوں میں ایک بار پھر سائرن کی کی آواز سنائی دی ہے۔