مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے کئی علاقوں میں صہیونی عوام نے انتہاپسند صہیونی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔
مظاہرین طوفان الاقصی کے دوران حماس کے مجاہدین کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں کی رہائی اور وزیراعظم نتن یاہو کی فوری برطرفی کا مطالبہ کررہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق تل ابیب میں مظاہرین نے ہوم سیکورٹی کی وزارت کے نزدیک راستوں کو احتجاج کرتے ہوئے بند کردیا۔ اس موقع پر صہیونی قیدیوں کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ غزہ پر زمینی حملے کے حوالے حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے صہیونی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے تاکید کی کہ قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں حماس کے ساتھ فلسطینی قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات کئے جائیں۔
صہیونی فوج نے طوفان الاقصی میں ہونے والی شکست کا بدلہ لینے کے لئے غزہ پر حملہ کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن فلسطینی مجاہدین نے ان کی کوشش ناکام بنادی۔ مجاہدین نے اس موقع پر کئی صہیونی فوجیوں کو قیدی بنالیا ہے۔
دراین اثناء القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے کچھ فرصت ہاتھ آئی تھی لیکن دشمن نے موقع ہاتھ گنوا دیا اور وحشیانہ حملہ کرکے 50 قیدیوں کو قتل کردیا۔ صہیونی قیدیوں کے بدلے ہم تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔