مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ مشاعرے کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری مقدم نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ہونیوالے مظالم کو دنیا تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔آج فلسطین کامسئلہ عالمی ہے اور الاقصی طوفان نے ظاہر کیا کہ بہت سے ممالک جو اسرائیل کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی کوشش کر رہے وہ ناکامی سے دوچار ہواہے ۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ نے پوری دنیا بالخصوص اسلامی ممالک پر ثابت کر دیا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل ریفرنڈم ہے اوراس میں فلسطین کے اصلی باشندوں کی مشارکت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اسرائیل بہت جلد نابود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسے ملک میں سفیر ہوں اورجس پر مجھے فخر ہے جہاں کے عوام فلسطین کے ساتھ ہیں اورایک ہفتے سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے عوام اسرائیل کی جارحیت کی مذمت میں سب سے آگے ہیں اوروہ ہرطرح سے اس کی مذمت کررہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی کے سربراہ فرامرز رحمان زاد نے کہا کہ بیت المقدس پر غاصب اسرائیل کے جرائم کی امریکا سمیت دیگر عالمی طاقتیں حمایت کررہی ہیں.
انہوں نے قائدا عظم کے امریکی صدر ٹرومین کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بہت پہلے اس بات کی پیش گوئی کی ہے اورفلسطین کی تقسیم کو جو آج کل اس کے بارے میں بات ہورہی ہے عالمی امن کے لئے خطرہ قراردیا تھا۔
انہوں نے شعراء کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے آواز اٹھائی ہے اس میں شعراء بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں خاموشی اسرائیل اورعالمی طاقتوں کے جرائم میں برابرشریک کے مترادف ہے تقریب میں شعرائے کرام ڈاکٹر سرفراز ظفر ،تعمیل مہدی،زین عباس،حسین پارس،نثار محمد تاثیر،ناصرمینگل،ڈاکٹر کاشف فرمان،نرگس جہانزیب،طارق نعیم ،الیاس بابر،محبوب ظفر،وفاچشتی،سید ضیاء الدین نعیم ،زین حیدر ودیگر نے کلام پیش کیے تقریب کی صدارت پروفیسر جلیل عالی نے کی جبکہ مہمان خصوصی معروف فارسی و اردو شاعر شہریار احمد تھے۔