مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطینی مقاومتی گروہوں کی جانب سے طوفان الاقصی آپریشن کے شروع ہونے کے بعد اب تک فلسطین کے مختلف علاقوں سے ایک لاکھ تیس ہزار صہیونی آبادکار فرار کرچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شمالی اور جنوبی فلسطین میں غاصبانہ قبضہ کرنے والے صہیونیوں میں ہجرت کی شرح زیادہ ہے۔ علاقے میں موجود ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے دروازے صہیونیوں پر بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مقاومتی گروہوں کے حملوں کے خوف میں مبتلا صہیونی فرار کررہے ہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے صہیونی آبادی پر مشتمل سدیروت شہر سے انخلاء کا عمل متاثر ہورہا ہے۔
دوسری جانب صہیونی حکومت غزہ کے مختلف مقامات پر بمباری کرکے شہریوں کے گھروں اور رہائشی مکانات کو تباہ کررہی ہے۔ عالمی سطح پر شدید احتجاج کے باوجود صہیونی کابینہ فلسطین پر حملے روکنے پر آمادہ نہیں ہے۔