مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ اس حوالے سندھ بھر اور شہر قائد کی مختلف جامع مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، جس میں مظاہرین بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔
احتجاجی مظاہروں سے علامہ باقر عباس زیدی، اسد اللہ بھٹو، علامہ صادق جعفری، علامہ حسن ظفر نقوی، مختار امامی، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ خوجہ مسجد کے سامنے مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ اسرائیل عالمی دہشتگرد اور غاصب ریاست ہے، حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل غزہ سمیت فلسطین کے دیگر شہری علاقوں میں بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، صہیونی ریاست کے فاسفورس حملے عالمی جنگی جرائم کے مرتکب ہونے کا یہ پہلا واقع نہیں۔
علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ حماس کے حملے بعد شکست خوردہ اسرائیل معصوم خواتین و بچوں سمیت عام شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے، غزہ پر صیہونی افواج کی بمباری کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں سے کم از کم 70 فیصد خواتین اور بچے ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر قبضہ باقی نہیں رہ سکتا ہے، اسرائیلی وہ قوم ہے، جو سب سے زیادہ موت سے ڈرتی ہے، اسرائیلی قوم کا کام ہے فساد پھیلانا ہے، غزہ کے مسلمان مظلوم ہیں، پوری دنیا کی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کو حماس نے فیل کر دیا، تاریخ دیکھ لیں یہودی ڈرپوک قوم ہیں، جلد وہ وقت آئے گا کہ جب بیت المقدس میں نماز ادا کی جائے گی، پاکستان کے سیاست دانوں کو چاہئے وہ فلسطین کیلئے اقوام عالم میں کھل کر اپنی آواز اٹھائیں۔
احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج ہم سب سرکار مدینہ کے امت پر جو غزہ میں ظلم ہو رہے ہیں، ان سے یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں، فلسطین ہم مسلمان کا ہے، فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے، جو بہت بڑا ظلم ہے، امریکا سمیت دیگر یورپی ممالک انسانی حقوق کی باتیں کرتے ہیں یہاں کیوں چپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاست دانوں کی خاموشی بھی مجرمانہ ہے، حکومتِ ایران اور سعودی عرب کی فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت لائق تحسین ہے، پاکستان کو بھی فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دینا چاہئے۔ جامع مسجد نور ایمان کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری فلسطینی عوام کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموش ہیں، بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عالم میں اسرائیل، امریکا اور اقوام متحدہ برابر کے مجرم ہیں، صیہونی وحشیانہ بمباری کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہیں، پاکستان کی عوام اپنے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ محصور شہر میں انسانی بحران سنگین ہوگیا ہے، اقوام متحدہ کا غزہ میں خوراک، ایندھن سمیت ضروری اشیائے خوردونوش کا سامان پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی کی دیگر جامع مساجد میں احتجاجی مظاہروں سے بشمول جامع مسجد ابوالفضل عباس لانڈھی میں مولانا محسن علی جوادی، مولانا یاور عباس زیدی، جامع مسجد احسن آباد میں مولانا رجب علی بنگش، مولانا حیات عباس نجفی، جامع مسجد آل عمران محمود آباد میں علی حسین نقوی، جامع مسجد اورنگی ٹاؤن میں مولانا صادق جعفری، علامہ عباس کمیلی، جامع مسجد حسن مجتبٰی گلشن معمار میں علامہ مختار امامی، مولانا امیر عباس، عاصم علی، جامع مسجد باب النجف بفرزون میں مولانا شیخ سلیم، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا مرتضیٰ خاں اور مظہر جعفری، ناصر زیدی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔