مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے غزہ سے ملحقہ صہیونی آبادیوں اور تل ابیب سمیت دوسرے شہروں پر ہزاروں راکٹوں اور میزائلوں کی بارش کے بعد اسرائیلی حکام حواس باختہ ہوگئے ہیں۔
مقاومت کے حملوں کو روکنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت میں ناکامی کے بعد صہیونی حکام حماس اور غزہ کا تباہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ جنگ شدت کے پیش نظر مبصرین فوری طور پر جنگ بندی کو ضروری قرار دے رہے ہیں۔
نامور عرب مبصر عبدالباری عطوان نے کہا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کا دائرہ خطے کے دیگر علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ پھیلنے اور خطرناک تباہی سے روکنے کے لئے موثق اطلاعات موجود ہیں کہ مصر اور قطر جیسے اسلامی اور ہمسایہ ممالک ثالثی کے لئے میدان میں آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ رائٹرز نے اسرائیلی وزیراعظم کے حوالے سے کہا تھا کہ صہیونی کابینہ نے فلسطینی مقاومتی تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی کی بنیادیں تباہ کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔