مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کل شام ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبدالہیان پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کرینگے،ایرانی وزیر خارجہ کی باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ پرسوں سے شروع ہو گا، ایرانی وزیرخارجہ 3 اور 4 اگست کو پاکستانی حکام سے با ضابطہ ملاقاتیں کرینگے،دورہ پاکستان کے دوراں بلاول بھٹو زرداری اور ڈاکٹر حسین امیر عبدالہیان کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہونگے۔
ذرائع کا مزید کہناتھا کہ دونوں وزرائے خارجہ دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرینگے،دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے ساتھ علاقائی صورت پر مشاورت کی جائیگی، ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے فروغ، ایران پاکستان تین نئی سرحدی منڈیوں کے قیام پر بات چیت کریں گے۔ذرائع کاکہناتھا کہ ملاقاتوں میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور فغانستان میں سلامتی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا،ایران کی جانب سے آئی پی منصوبے ہر عملدآمد کے حوالے سے ٹھوس ضمانت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے،ایران پاکستان گیس پائپ لائن میں تاخیر کی وجہ سے جرمانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جاے گا۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں اور کالعدم گروہوں کی محفوظ پناہ گائیں دونوں ممالک کیلئے باعث تشویش ہیں، افغان امن و سلامتی کیلئے مشترکہ و علاقائی کوششوں پر بات چیت کی جائیگی،مسلح افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ ایران میں بھی افغانستان میں کالعدم گروہوں کے درپیش چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔