مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے امور خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ صہیونی حکومت کو جنگی جرائم میں مرتکب قرار دینے کے لئے عالمی عدالت انصاف کی مدد کرے۔
کمیٹی نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں جنگی جرائم کے سلسلے میں صہیونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف کی کاروائی میں پیشرفت نہ ہونا افسوسناک ہے۔
یورپی پارلیمنٹ اس حوالے عالمی عدالت انصاف سے تعاون کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔
کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی آبادکاری دو ریاستی حل کے فارمولے کی پیشرفت اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کمییٹی نے اپنے بیان میں صہیونی شدت پسندوں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف حملوں اور صہیونی حکومت کی مقبوضہ فلسطین میں توسعہ طلبی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے پہلے فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیرخارجہ ریاض المالکی نے عالمی عدالت انصاف کے جج کریم خان سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی بچوں کے خلاف صہیونی حکومت کی جنایات کے بارے میں شکایت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی حکومت عالمی عدالت انصاف کے ساتھ صہیونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے سلسلے میں تعاون کے لئے مکمل آمادہ ہے۔ عالمی عدالت نے بھی فلسطین کے مسئلے کو اپنی ترجیحات میں سے قرار دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا۔