ایران کے نائب وزیر داخلہ سید مجید میراحمدی 10 ویں پاکستان ایران خصوصی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ ایران کے نائب وزیر داخلہ سید مجید میراحمدی 10 ویں پاکستان ایران خصوصی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعرات کو ایرانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ایران کے نائب وزیر داخلہ سید ماجد میراحمدی کی سربراہی میں ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

بیان کے مطابق دسویں سپیشل سکیورٹی کمیٹی کا انعقاد دونوں برادر ممالک کے حکام کے مشترکہ مفادات کے حصول کے ساتھ ساتھ مشترکہ خطرات اور چیلنجز بشمول دہشت گردی اور مشترکہ سرحدوں میں سکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عملی عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاشبہ دہشت گردی جیسے چیلنجز مشترکہ تکلیف ہے جن سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے جس کی بنیاد مذاکرات کے اس دور میں رکھی جا سکتی ہے۔