مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے جنرل یاشار گلر کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں، ان کو ترک وزیر دفاع منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
میجر جنرل باقری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور ترکیہ کے درمیان دو اچھے اور اسٹریٹجک ہمسایہ ممالک کے طور پر امن اور دوستی کی مشترکہ سرحدیں ہیں، کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرحدیں تعاون اور تعلقات کے تسلسل کو مزید فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں مختلف سطحوں پر باہمی ملاقاتوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تربیتی مراکز میں تجربات کی منتقلی اور باہمی مشقوں کے انعقاد پر بھی زور دیا۔
ترک جنرل یاشار گلر نے نیز اس ٹیلیفونک گفتگو میں، دونوں ممالک کے درمیان نظامی تعلقات کی سطح میں اضافے اور ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکی نے اپنے ملک میں آنے والے حالیہ خطرناک زلزلے میں ایران کی برادرانہ اور دوستانہ مدد کا مشاہدہ کیا ہے اور آج بھی ترک عوام اس مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے، ترکی کے نئے وزیر دفاع جنرل یاشار گلر کو دورۂ تہران کی دعوت بھی دی ہے۔