ایران کے وزیر خارجہ اور تحریک اسلامی جہاد فلسطین کے سیکریٹری جنرل کے درمیان بیروت میں ملاقات ہوئی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ اور تحریک اسلامی جہاد فلسطین کے سیکریٹری جنرل کے درمیان بیروت میں ملاقات ہوئی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال، صہیونی فورسز کے جارحانہ حملوں اور فلسطینی عوام کی مزاحمت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران زیاد النخالہ نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت زوال کی جانب گامزن ہے اور جلد سقوط کرجائے گی۔

اس موقع پر مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ جس طرح فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی ممالک کا اتحاد ضروری ہے اسی طرح فلسطینی جماعتوں کو بھی آپس میں متحد ہوکر غاصب صہیونیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

اسلامی جہاد فلسطین کے رہنما نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطینی مقاومت مضبوط ترین پوزیشن میں ہے۔