مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے پر اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں سویڈن میں ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی اور اسلامی مقدسات کے خلاف نفرت پھیلانے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والے بعض یورپی ممالک میں آزادی اظہار کی حمایت کے بہانے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا اور اسلامو فوبیا بند ہونا چاہیئے۔ اس سے قبل وزارت خارجہ ایران کے ترجمان "ناصر کنعانی" نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام عمومی طور پر سویڈن کی حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ایسے اسلام دشمن اقدامات روکنے کے لئے عملی قدم اُٹھائے گی اور اس مذموم کارروائی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔
واضح رہے کہ سٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے سامنے متعدد انتہاء پسندوں نے نفرت انگیز کارروائی کرتے ہوئے قرآن پاک کو نذر آتش کیا، جس پر ترک حکومت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ سویڈش پولیس کے ترجمان نے اسلام مخالف کارروائی کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی انتہائی دائیں بازو کی جماعت سٹرام کرس کے رہنماء کو ترک سفارت خانے کے سامنے مظاہرے کے دوران قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی اجازت دی تھی۔