مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے کہا کہ دنیا کے سیاسی میدان میں کمزور قوموں کے لیے کوئی جگہ نہیں جو قومیں کمزور ہوتی ہیں وہ لازمی طور پر ہتھیار ڈال دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط ہونے کا مطلب یہ ہے کہ معاشرہ اپنے اعمال اور بین الاقوامی تعلقات کو اپنی مرضی کے مطابق منظم کرے اور دوستی اور دشمنی کے اپنے نمونے بنائے اور اپنے اصولوں پر عمل کرے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن ایران سے غضبناک ہے اور نہیں چاہتا تھا کہ ایران خطے میں بااثر ہو، رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران کو خطے کی ایک طاقتور قوت میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایران اپنے ڈرون اور میزائل اور فوجی طاقت کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے جو دشمن کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ دشمن نے جنگ مسلط کرنے کے لیے اقتصادی پابندیاں، نفسیاتی جنگ، بین الاقوامی میدان میں ایران کو تنہا کرنے کی کوشش اور ایران کو علاقائی بحرانوں میں کردار ادا کرنے سے روکنے سمیت تمام طریقے آزمائے ہیں، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی ایران پر تسلط اور غلبہ حاصل کرنے کا دشمن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا لیکن یہ دشمن کے دماغ میں موجود ہے اور وہ اسے حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام طاقت استعمال کرتا ہے۔