مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جو اس وقت سرب حکام سے ملاقات اور بات چیت کے لیے بلغراد میں موجود ہیں، آج (پیر) سربیا کی وزیر اعظم اینا برنابیچ سے ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے طے پانے والے دو طرفہ معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تعاون کا فروغ ایران اور سربیا کے درمیان تعلقات کی توسیع کے لیے ضروری بنیاد فراہم کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے تہران میں ایران سربیا دو طرفہ تعاون کمیشن کے 16ویں دور کے انعقاد کے لیے ایران کی آمادگی کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کمیشن کے اس دور میں دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعاون کے روڈ میپ کے اندر ضروری میکانزم کی فراہمی سے مختلف جہتوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی بنیاد فراہم کی جائے گی۔
سربیا کی وزیر اعظم اینا برنابیچ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی 85 ویں سالگرہ کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں طرفین کی صلاحیتوں کے مطابق اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سائنسی، علمی تعاون، زراعت اور توانائی کے شعبے اس وقت دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے دستیاب اور تیار شعبے ہیں۔
انہوں نے مذکورہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے سرب حکومت کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ اور سربیا کی وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافت، پارلیمانی سفارت کاری، سیاحت، سائنس اور زراعت کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کی۔