مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے آج جمعرات کو ساتویں مالک اشتر بسیج قومی فیسٹیول کے اختتام پر کہا کہ بسیج تمام خوفناک واقعات کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے اور ایرانی قوم کو دشمن کی جانب سے درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔
سردار سلامی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ بسیج کی تشکیل، امام راحلؒ کے قلب پر خدا کی طرف سے الہام تھا، کہا کہ بسیج نے خدا کی عبادت کرنے کے ساتھ پوری دنیا کو بھی طاغوت کی عبادت سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ بسیج نے استکباری سازشوں پر قابو پانے کیلئے فارمولہ بنایا ہے اور اسی فارمولے کے تحت جنگ کے میدانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہفتۂ بسیج، فعال اور سرگرم جوانوں سے منسوب ہفتہ ہے، لہٰذا ہمیں بھی زیادہ سے زیادہ متحرک اور فعال ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ پچھلے کچھ دنوں سے ملک میں عالمی اسکتبار اور استعمار کی جانب سے سازشیں جاری ہیں۔
جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن بری طرح سے ناکام اور نامراد ہو چکا ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں ان کی تمام تر پالیسیاں بے اثر، ناکام اور خاک میں مل چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی طرف سے عائد کی گئیں تمام تر غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ہتھیار ڈالنے کیلئے ایک سازش تھی، لیکن ایرانی قوم نے عالمی دباؤ کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ کیا اور مختلف شعبوں میں ترقی کی۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ سعودی عرب انصار اللہ یمن کے خلاف جنگ بندی کی بھیک مانگ رہا ہے۔ برطانوی وزرائے اعظم آج بھی اپنے فرسودہ سیاسی اقدامات پر قائم ہیں۔ برطانیہ کے طبقاتی نظام اور جارحیت کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے برطانیہ کو بوڑھی لومڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ لومڑی بوڑھی ہو چکی ہے، لہٰذا وہ مزید کسی کو نہیں کاٹ سکتی۔
انہوں نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت، سیاسی اور تسلط پسندانہ افکار کا نتیجہ ہے جسے عالم اسلام کے پہلو میں خنجر کی طرح گھونپ دیا گیا ہے اور سعودی حکومت، مغربی حکومتوں کی پیداوار اور ان کی سوچ کی حامل ایک حکومت ہے۔