مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیرس امن فورم کے موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی ایران مخالف شخصیت اور اس کے ساتھیوں سے ملاقات کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے ایران مخالف اقدامات بلاشبہ ایران کے عظیم عوام کی یادوں میں نقش رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ آزادی کا دعویٰ کرنے والے ملک کا صدر ایک ایسے نفرت انگیز شخص سے ملتا ہے جس نے واضح طور پر اسلامی جمہوریہ ایران میں نفرت پھیلانے اور پرتشدد اور دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کی ہے، نیز حالیہ مہینوں میں ایرانی سفارتی مقامات اور سفارت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔
ناصر کنعانی نے میکرون سے منسوب بیانات کو بھی افسوسناک اور شرمناک قرار دیا جس کے مطابق وہ ان لوگوں کی قیادت میں اس نام نہاد انقلاب کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے ان بیانات پر شدید احتجاج کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وجہ سے یہ ملاقات دہشت گردی اور تشدد کے خلاف جنگ میں فرانس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ ان مذموم واقعات کو فروغ دینے کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ایران مخالف اقدامات ایرانی عوام کے حافظے میں ثبت رہیں گے کہ جو بعض پورپی رہنماوں کی سلیکٹڈ اور انسانی حقوق کی برخلاف روش سے بخوبی واقف ہیں۔