ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) علاقائی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اصلی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور اقتصادی تعاون تنظیم ﴿ای سی او﴾ کے سیکریٹری جنرل خسرو ناصری کے درمیان دار الحکومت تہران میں ملاقات ہوئی۔ ای سی او کے سیکریٹری جنرل نے ایرانی وزیر خارجہ کو اس تنظیم کی تازہ ترین پیشرفت اور ای سی او کے وزرائے خارجہ کے 26ویں اجلاس کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں رپورٹ پیش کی۔

امیر عبداللہیان نے سی ای او کے دائرہ کار میں اقتصادی تعاون کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی غیر مشروط حمایت پر تاکید کی اور کہا کہ یہ تنظیم خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون میں ایران کی اصلی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

دسمبر میں ترکمانستان کے دارالحکومت عشق آباد میں منعقد ہونے والے ای سی او سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اس باوقار سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم ﴿سی ای او﴾ میں 10 ممالک شامل ہیں: اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، ترکیہ، افغانستان، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان، قازقستان، جمہوریہ آذربائیجان اور ترکمانستان۔

ای سی او کے قیام ﴿ایران، پاکستان اور ترکیہ کی تین ملکی تنظیم آر سی ڈی سے 10 ملکوں کی تنظیم بننے﴾ کی 30ویں سالگرہ دسمبر میں ایرانی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی اور سیاسی مطالعات کے مرکز میں منعقد ہوگی۔

لیبلز